10 دسمبر ، 2015
ایڈنبرگ......امریکا میں ری پبلکن صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں مسلمانوں کا داخلہ بند کرنے سے متعلق بیان پر اڑ گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بیان مسلمانوں کے بہترین مفاد میں دیا،عوام ان پر تنقید نہیں کررہی،بعض گروپ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔
امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے کئی مسلمان دوست ان سے اتفاق کرتے ہیں اور وہ جو کچھ کررہے ہیں وہ اس پر خوش بھی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں مسلمانوں کی آمد پر عارضی پابندی کے ان کے منصوبے کو درست انداز میں پیش نہیں کیا گیا، لوگوں نے کیلیفورنیا کے اسکول میں معصوم افراد کو نشانہ بنتے دیکھا تھا۔
خود کو ہٹلر سے تشبیہ دیے جانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایسی باتوں پر کان نہیں دھرتے، وہ مشرق وسطیٰ کے عوام سے محبت کرتے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ان کی پسندیدہ ترین شخصیت ہیں۔
انہوں نے صدر باراک اوباما کو احمق قراردیتے ہوئے شام میں اسپیشل فورسز بھیجے جانے کے منصوبے کےاعلان پر حیرانگی کااظہار کیا۔