27 مئی ، 2012
نیویارک…اقوام متحدہ نے شام کے شہر حولہ میں 92 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے جن میں 32 بچے بھی شامل ہیں۔حولا میں فورسز کی گولا باری اورجھڑپوں میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی تنظیم نے ہلاکتوں کی تعداد 114 بتائی ہے۔دمشق میں اقوام متحدہ کے فوجی اور سویلین مبصروں نے ہفتے کو حولا کا دورہ کیا۔ دورے کے بعد مشن کے سربراہ میجر جنرل رابرٹ موڈ نے بتایا کہ مبصروں نے وہاں 92 سے زیادہ لاشیں گنتی کیں، جن میں 32 بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفاکی کی انتہا ہے اور شام میں خانہ جنگی کاخدشہ ہے۔ اُن کا کہناتھا کہ حولا میں ہلاکتوں کا جو بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شامی حکومت سے شہریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شام کی صورت حال پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔