پاکستان
11 دسمبر ، 2015

مودی کو کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی چاہیے،عمران خان

مودی کو کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی چاہیے،عمران خان

نئی دلی......... مودی صاحب! اب بھی وقت ہے فیصلہ کرلیں، پاکستانی عوام، بھارتی عوام، دنیا بھر کے عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز ہو، پاکستانی حکومت اجازت دے چکی، آپ کب فیصلہ کریں گے؟

بھارتی ٹی وی پروگرام میں 90 فیصد حاضرین نے سیریز کے حق میں ووٹ دے دیا، بھارتی عوام نے اپنے وزیراعظم مودی کو پیغام دے دیا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی چاہیے۔

یہ پیغام بھارتی ٹی وی کے اس پروگرام میں دیا گیا جس کے مہمان عمران خان تھے۔ عمران خان نے بتایا کہ ان کی آج بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انھوں نے کرکٹ سیریز کی بحالی کی بات کی، انہوں نے بتایا کہ ان کی بات سن کر مودی مسکرائے، وہ نہیں جانتے کہ اس مسکراہٹ کا مطلب کیا تھا، لیکن وہ اسے مثبت سمجھتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج دلی میں بھاری وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی کو کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان کھیل جاری رہنا چاہیے، پوری زندگی دشمنی تونہیں ہوسکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریزکی بات کی تومودی جی نے بڑی سی مسکراہٹ دی، نریندرمودی کی مسکراہٹ کے معنی نہیں بتا سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے لیے کرکٹ مددگارثابت ہوسکتی ہے، پوری زندگی دشمنی نہیں ہوسکتی،پاکستان اوربھارت میں کرکٹ ہونی چاہئے،مجھے سیاست بطورکیریئراپنانا ہوتوخود کو گولی ماردوں گا، سیاست کیریئرنہیں انسانوں کی خدمت کا کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نے مجھے جدوجہد کرنا سکھایا، کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں جدوجہد کررہا ہوں، کرکٹ کے ذریعے لوگوں کو قریب لایا جاسکتا ہے،جاوید میانداد کی بہت بڑی خوبی تھی کہ پریشرمیں اچھا کھیلتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا روشن مستقبل ہے، پاکستانی عوام میں اتفاق رائے ہوچکا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی نظام نہیں چلے گا۔

عمران خان نے کانگریس کی خاتون سیاست دان کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کہنا تھا کہ عمران خان سے بہت متاثرتھا،ان کو دیکھ دیکھ کراپنے بال ہی بناتا تھا۔

مزید خبریں :