11 دسمبر ، 2015
بصرہ........عراق میں ایک کلومیٹر سے زیادہ اونچی دنیا کی بلند ترین عمارت "خلیج کی شہزادی" تعمیر کی جائے گی ۔
عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق 1152 میٹر بلند یہ عمارت ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ والے شہر بصرہ کے کاروباری علاقے میں تعمیر کی جائے گی اور اس عمارت کی 230 منزلیں ہونگی اور چھت پر188 میٹر اونچا اینٹینا نصب کیا جائے گا۔ یہ عمارت چار حصوں پر مشتمل ہوگی جو کئی راستوں اور باغیچوں کے ذریعے آپس میں ملے ہوئے ہونگے۔
اس عمارت میں دفاتر ، اپارٹمنٹس، ہوٹل اور اسی طرح کلینک اور سکول واقع ہونگے۔ علاوہ ازیں اس تک پہنچنے کے لیے شہر میں نجی ریلوے لائن بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا کی سب سے اونچی عمارت دبئی کی برج خلیفہ ہے۔ اس کی بلندی 828 میٹر ہے مگر جلد ہی سعودی عرب کی فلک بوس عمارت کنگڈم ٹاور اس کی جگہ لے لے گی جس کی بلندی 1001میٹر ہوگی۔ اس کی تعمیر 2019 میں مکمل کیے جانے کا منصوبہ ہے۔