دنیا
11 دسمبر ، 2015

سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں پر یمن میں سکولوں کو نشانہ بنانے کا الزام

سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں پر یمن میں سکولوں کو نشانہ بنانے کا الزام

لندن........حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر یمن میں عسکری کارروائیوں کے دوران اسکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ان اسکولوں میں سے تقریباً 250 تو مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔یمن میں جاری تنازع میں حوثی باغیوں کے خلاف عسکری مہم کے دوران اب تک اندازاً چھ ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔سعودی عرب فضائی حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

گذشتہ ماہ برطانوی وزیرِ خارجہ فلپ ہیمنڈ نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ یمن میں سعودی عرب کے فضائی حملوں کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ’یقیناً صرف (سعودی) تردید کافی نہیں، ہمیں باقاعدہ تحقیقات کرنی ہوں گی۔ایک نئی رپورٹ میں ایمینسٹی نے امریکہ اور برطانیہ پر پھر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کا عمل معطل کر دیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ہتھیار یمن میں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب امریکی اسلحے کا سب سے بڑا خریدار ہے اور امریکی محکمہ خارجہ نے گذشتہ ماہ ہی سعودی عرب کو تقریباً سوا ارب ڈالر مالیت کے بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

مزید خبریں :