11 دسمبر ، 2015
اسلام آباد........وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت آنے والی گیس پائپ لائن کے تحفظ کے لیے افغان طالبان سے بات کریں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے وزیرپانی وبجلی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں چارملکی گیس پائپ لائن منصوبے کو بہت اہمیت حاصل ہے، منصوبے کو تحفظ دلانے کے لیے طالبان پراثر و رسوخ استعمال کرنا پڑا تو کریں گے تاکہ امن و امان کے ممکنہ خدشات کو دور کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر تعمیر کا کام اتوار 13 دسمبر سے شروع ہوگا جس کے لیے پاکستانی اور بھارتی وزیر اعظم ترکمانستان پہنچ رہے ہیں۔دس ارب ڈالر کی لاگت سے بننے والی 1700 کلومیٹر طویل اس پائپ لائن کو دو سال میں مکمل ہونا ہے۔