پاکستان
12 دسمبر ، 2015

رینجرز اختیارات پر وفاق اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی

رینجرز اختیارات پر وفاق اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی

کراچی......رینجرز اختیارات پر وفاق اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت رینجرز کی تضحیک کر رہی ہے، اس کے اختیارات میں توسیع نہیں کررہی، ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو دکھا دوں گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولانا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار رینجرز کو متنازع بنارہے ہیں، جو ویڈیو چلانی ہے چلا دیں، حکومت نے آپریشن کے لیے ایک رپیہ بھی نہیں دیا، اس کا جواب وزیر اطلاعات پرویز رشید نے دیا کہ سارا خرچہ وفاقی حکومت دیتی ہے۔

پریس کانفرنس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں ٹال مٹول کر رہی ہے، رینجرز اہلکار جان ہتھیلی پر رکھ کر کراچی آپریشن کر رہے ہیں، لیکن صرف ڈاکٹر عاصم کی خاطرادارے کی تضحیک کی جا رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ رینجرزکو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ضرورت پڑی تو ڈاکٹر عاصم کی وڈیو سامنے لاؤں گا،سندھ حکومت رینجرز کو متنازع نہ بنائے، سندھ حکومت نے ر ینجرز کے قیام میں توسیع نہ کی تو وفاقی حکومت کے پاس چار آپشن ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جواب دیا کہ رینجرز کو متنازع چوہدری نثار بنا رہے ہیں، توسیع کا معاملہ دو تین روز میں نمٹا دیں گے، جو وڈیو چلانی ہے چلا دیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ رینجرز کا سارا خرچہ وفاقی حکومت دیتی ہے، مگر ایک سوال اب بھی باقی ہے، اگر سندھ حکومت کو رینجرز سے کوئی تحفظات نہیں تو اس کے اختیارات میں توسیع کا بل 8روز سے رکا کیوں پڑا ہے؟

مزید خبریں :