29 اپریل ، 2025
کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے اگلے وزیر اعظم کو منتخب کرنے کے لیے ہونے والے انتخابات میں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
کینیڈا میں 343 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، اکثریت حاصل کرنے کے لیے 172 نشستیں درکار ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم اور لبرل پارٹی کے امیدوار مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے پیئر پولی ایو میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
وزیر اعظم مارک کارنی پہلی بار عوامی عہدے کے لیے میدان میں ہیں، جنہیں رواں سال کے آغاز میں لبرل پارٹی کا قائد منتخب کیا گیا تھا۔
انتخابات میں 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدوار بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لبرلز 2015 سے حکومت میں ہیں مگر 2019 سے اقلیتی حکومت چلا رہے ہیں،نئی حکومت کے قیام کا فیصلہ اونٹاریو اور کیوبیک جیسے صوبوں کے ووٹوں کے بعد ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے الیکشن کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایک بار پھر کینیڈا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی 51ویں ریاست بن جائے۔