12 دسمبر ، 2015
اسلام آباد...... ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانوں کا تباہ کیا جا رہا ہے ، آپریشن ضرب عضب میں اب تک 3 ہزار 400 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ڈیڑھ سال میں بے مثال کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، دہشت گردوں کے 837 ٹھکانوں سمیت ان کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا ہے ، اب پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے تباہ کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 18 ماہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 13 ہزار 200 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 183 خطر ناک دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 21 ہزار 193 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں 11 فوجی عدالتیں قائم کی گئی ہیں جہاں 142 کیسز لائے گئے، 55 کا فیصلہ ہو چکا ہے، 87 مقدمات پر پیش رفت جاری ہے، فوجی عدالتوں سے اب تک 31 خطرناک دہشت گردوں کو سزائیں ہو چکی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی، پاک فوج، ایف سی خیبر پختونخوا، ایف سی بلوچستان اور سندھ رینجرز کے 488 افسران اور جوان شہید ہوئے، جبکہ ایک ہزار 914 جوان زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر کو اے پی ایس پشاور پر حملے کے بعد پوری قوم کی حمایت اور عزم سے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، آپریشن ضرب عضب کے باعث پورے ملک میں سیکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔