27 مئی ، 2012
کراچی…عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کا کہناہے کہ پاکستان کبھی صحیح معنوں میں آزاد ہوا ہی نہیں، ابھی بھی امریکا کی غلامی کررہا ہے ۔عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو نے سول اسپتال کراچی کا دورہ کیا اور محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کے زخمیوں کی عیادت کی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رسول بخش پلیجو نے کہا کہ پاکستان کبھی صحیح معنوں میں آزاد ہوا ہی نہیں، ابھی بھی امریکا کی غلامی کررہا ہے۔رسول بخش پلیجو نے کہا کہ رحمان ملک امریکا اور متحدہ قومی موومنٹ کا ایجنٹ ہے اور دہشت گردی کا ذمہ دار بھی ہے اگر میری حکومت ہوتی تو رحمان ملک کو زنجیروں میں باندھ کر رکھتا۔انھو ں نے کہا کہ امریکا اپنے ایجنٹوں کے ذریعے حالات خراب کرتا ہے ،جو بھی حالات خراب کرنے کا ذمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ رسول بخش پلیجونے مزید کہا کہ امریکا کے ایجنٹ دہشت گردوں کو کبھی بند نہیں کیا جاتا، متحدہ کے خلاف دس ہزار مقدمات ہیں انہیں کیوں نہیں کھولا جاتا۔رسول بخش پلیجو نے مزید کہا کہ امریکا اپنے ایجنٹوں سے کام لے کر خود ہی انھیں ماردیتا ہے۔ایک سوال پر رسول بخش پلیجونے کہا جس کے پاس دوہری شہریت ہے اس کی پاکستانی شہریت ختم کردینی چاہیے، انہوں نے کہا کہ قاضی محمد میں بس پر فائرنگ کرنے والے اگر سندھی بھی ہوں تو انہیں بھی پکڑا جائے۔