12 دسمبر ، 2015
لاہور.......وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے ناکام ریاست کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کر دکھایا، اسلامک بینکنگ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
لاہورمیں جنگ گروپ کے زیر اہتمام پاکستانی معیشت میں اسلامک بینکنگ کے کردار پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اب کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا، پاکستان کو معاشی ٹیک آف کی طرف لے جارہے ہیں، حکومتی اداروں کو ہدایت کر دی کہ اسلامک بینکنگ کے تحت لین دین کو ترجیح دیں ۔
گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا، صدر نیشنل بینک اشرف اقبال اور صدر ایم سی بی میاں منشاء کا کہنا تھا کہ زراعت، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر میں اسلامی بینکاری کی بہت گنجائش ہے، صحیح معنوں میں ترقی اسلامی بینکاری سے ہی آئےگی۔
کانفرنس سے جنگ گروپ کے ایم ڈی سرمد علی، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سعید احمد، ایم ہاؤس فنانس پرویز سعید، صدر میزان بینک عرفان صدیقی، صدرسارک چیمبر افتخارعلی ملک اورصدر البرکہ بینک شفقات احمد نے بھی خطاب کیا۔