12 دسمبر ، 2015
کراچی......پاکستان میں صحافتی اداروں پر مسلسل حملوں، پر تشدد واقعات اور دھمکیوں کے خلاف اخبارات کے ایڈیٹروں اور ٹی وی چینل کے نیوز ڈائریکٹروں پر مشتمل تنظیم تشکیل دے دی گئی۔
ایڈیٹرز فار سیفٹی نامی تنظیم کا بنیادی مقصد پاکستان میں میڈیا کے اداروں اور کارکنوں کے خلاف تشویش ناک حد تک بڑھتے ہوئے حملوں، پرتشدد واقعات پر توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔
ایڈیٹرز فار سیفٹی اس فلسفے کے تحت قائم کی گئی ہے کہ کسی ایک صحافی یا ادارے پر حملہ پورے میڈیا پر حملہ تصور کیا جائے گا، اس کے علاوہ تمام ادارے حملوں یا دھمکیوں کے خلاف ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور وسائل اور معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
ایڈیٹرز فارسیفٹی کی باضابطہ تشکیل نے اخبارات کے ایڈیٹروں اور ٹی وی چینلوں کے نیوز ڈائریکٹروں کے درمیان قریبی رابطوں اور بروقت اشتراک عمل کو یقینی بنایا ہے اور اس کے نتیجے میں ایسے واقعات کی کوریج میں پہلے ہی بہتری آچکی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اخبارات کے ایڈیٹروں اور ٹی وی چینلوں کے نیوز ڈائریکٹروں سے رابطہ کرکے انہیں تنظیم میں شمولیت پر آمادہ کیا جائے گا۔ اے پی این ایس، پی بی اے اور سی پی این ای سے بھی رابطہ کرکے انہیں اپنے نمائندے نامزد کرنے کی دعوت دی جائے گی۔
ڈان کے ظفر عباس کو تنظیم کا پہلا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جبکہ پاکستان پریس فاؤنڈیشن اس تنظیم کا سیکریٹریٹ ہوگا۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے ڈائریکٹر جوئیل سائمن نے ایڈیٹرز فار سیفٹی کے قیام کو ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔