27 مئی ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ بجلی کا بحران اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹوں تک پہنچ گیا۔ ایشیاء کے گرم ترین علاقے سبی، جعفرآباد اور نصیرآباد سمیت بلوچستان کے دیگر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ صبح ہوتے ہی پورا دن سورج آگ برسانا شروع کردیتا ہے جس سے شہر کی سڑکیں ویران ہوگئیں ہیں اور لوگ گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کے بحران نے عوام کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ کردیا ہے۔ گندھاواہ، جھل مگسی، بھاگ، جعفرآباد اور نصیرآباد کے شہری علاقوں میں روزانہ 16سے 18گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ سبی اور بولان میں 14سے 16گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔