15 دسمبر ، 2015
کراچی.......کراچی میں سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب فائربریگیڈ کی گاڑی الٹنے سے سب فائر آفیسر جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت پانچ ملازمین زخمی ہوگئے۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق ملیر فائر اسٹیشن کی گاڑی رات کو بھنگوریہ گوٹھ میں گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ بجھانے کے بعد صبح سہراب گوٹھ سے پانی بھرتے ہوئے ملیر فائراسٹیشن آ رہی تھی کہ تیز رفتار ٹرک کی اوور ٹیکنگ کے باعث اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔
حادثے کے باعث گاڑی میں سوار سب فائر آفیسر کلیم احمد جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت پانچ ملازمین زخمی ہوگئے۔گاڑی الٹنے کے باعث سڑک پر ڈیزل پھیل گیا۔کسی اور ممکنہ حادثے سے بچنے کے لئے پھیلے ہوئے ڈیزل پر مٹی ڈال دی گئی ہے۔