15 دسمبر ، 2015
لاہور......آرمی پبلک اسکول پشاورکے شہدا کی یاد میں ملک کےمختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے،کہیں ریلیاں نکالی گئیں توکہیں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ ان تقریبات میں شہدا کو شاندارخراج عقیدت پیش کیا گیا۔
لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائد اعظم لائبریری سے واپڈا ہاؤس تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سول سوسائٹی کے افراد، شہریوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شہدائے پشاور کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اقلیتی برادری کی جانب سے لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔
فیصل آباد میں ٹریفک وارڈنز نے ریلی نکالی،اورشہداء کے بلند درجات کےلیے دعائیں کیں۔سرگودھا میں تنظیمات اہلسنت کے تحت مرکزی جامع مسجد حامد علی شاہ کمپنی باغ میں دعائیہ تقریب ہوئی۔
ملتان میں کینٹ لالہ زار پارک میں طلبہ کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
لاڑکانہ کے اسکولوں میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات نے شرکت کی اورشہدا کے ایصال ثواب کےلیے دعائیں کیں۔
جیکب آباد اور حیدرآباد میں بھی شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کےلیے ریلیاں نکالی گئیں۔سوات پریس کلب میں شہدا کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید اور زخمی ہونے والے طلبہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پشاور میں امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ایک شہید بچے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پشاور کے بھانہ ماڑی چوک کا نام تبدیل کرکے شہید صاحبزادہ عمرخان چوک رکھ دیا گیا۔