16 دسمبر ، 2015
لاہور .....لاہور ، شیخوپورہ اور ضلع اوکاڑہ کی جن یونین کونسلز اوروارڈز میں بلدیاتی الیکشن کی پولنگ منسوخ ہوگئی تھی وہاں کل 17دسمبر کو پولنگ ہوگی ۔
پولنگ منسوخ ہونے والے ان علاقوں میں انتخابی مہم اختتام پذیر ہوگئی، لاہور کی یو سی 231 پاک کالونی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور تمام وارڈز کے کونسلرز کا انتخابات ہوگا ۔
یونین کونسل 85 کے وارڈ نمبر 4، یونین کونسل 96 کے وارڈ 2 میں بھی پولنگ ہوگی،یونین 62 کے وارڈ 5 ، یونین کونسل 86 کے وارڈ 3 میں بھی پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل صبح ساڑھے7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہے گا۔
شیخوپورہ کی یوسی 25 میں بھی 17 دسمبر کو پولنگ ہوگی جبکہ یونین کونسل 17 کے 2 پولنگ اسٹیشنوں میں ری پولنگ ہو گی ۔ اوکاڑہ کی میونسپل کمیٹی کے وارڈ 17 میں ری پولنگ ہوگی ، ان یونین کونسلز میں بے ضابطگیوں اوردیگر وجوہات کے باعث پولنگ منسوخ کردی گئی۔