پاکستان
16 دسمبر ، 2015

قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد منظور

اسلام آباد ......اراکین قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے نام سے منسوب کیا جائے، آنے والی نسلوں کو دہشتگردی سے پاک ملک حوالے کیا جائے ۔اسمبلی اجلاس میں سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد منظور کر لی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے زاہد حامد نے تمام جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار قرارداد پیش کی۔

قراداد میں کہا گیا کہ 16 دسمبر کو شہید بچوں کے نام سے منایا جائے ،آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔

سانحہ اے پی ایس پر بحث کرتے ہوئے سید نوید قمر کاکہناتھاکہ نیشنل ایکشن پروگرام پر مکمل عمل نہیں ہوا ، قوم حکومت سے مایوس ہو چکی ، آپریشن اور فوجی عدالتیں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کافی نہیں، مدارس اور فاٹا اصلاحات نہیں کی گئیں ۔

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کی درخواست پر اسپیکر نے سانحہ اے پی ایس پر ہونے والی تقاریر پر ڈیسک بجانے سے روک دیا ۔ شائستہ پرویز سانحہ اے پی ایس کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، جذبات پرقابونہ رکھ پائیں اوراپنی تقریر ختم کردی۔ شیخ رشید احمد کاکہناتھاکہ دہشتگردی میں صرف مدارس نہیں بڑی یونیورسٹیوں کےاساتذہ اورطلبہ بھی ملوث ہیں ۔

سانحہ اے پی ایس پر بحث کے دوران ڈپٹی اسپیکر جاوید عباسی اور عائشہ سیدہ میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ، عائشہ سیدہ نے مطالبہ کیاکہ چاروں صوبوں میں اے پی ایس شہدا کے نام سے یونیورسٹیاں قائم کی جائیں ، 16 دسمبر کو عام تعطیل کی جا ئے۔

مزید خبریں :