پاکستان
16 دسمبر ، 2015

پشاور کے آرمی پبلک اسکول کے بہادر بچوں کا عزم

پشاور......گذشتہ برس ظلم وبربریت اور سفاکی کا نشانہ بننے والے ننھے پھول آج قلم کا عَلم سر بلند کیے آگے بڑھ رہے ہیں، الف، ب پہ یقین ہے اور اسی کی طاقت سے دشمن کو شکست دینی ہے۔

2014 ءجاتے جاتے قیامت ڈھا گیا، گولیوں سے چھلنی درودیوار، فرش پر جابجا بہتا خون، خون میں لتھڑی کتابیں، کاپیوں کے پھٹے اوراق، جابجا بکھرے ٹوٹے قلم، اور پھولوں کے شہر میں پھولوں کے کفن۔

ایک سال بیت گیا، زخم آج بھی تازہ ہیں۔آرمی پبلک اسکول کی یہ عمارت بدل گئی ہے،خون آلود آڈیٹوریم کھیلوں کا hub بنا تو نیا آڈیٹوریم بھی تعمیر ہوگیا۔

یہ بچے جوکل دہشت گردوں کی درندگی پر حیران تھے، آج عزم و ہمت کا پیکر اور حوصلے کا کوہ گراں ہیں۔حصول علم اور درس و تدریس اب مشن بن گیا ہے۔

سیاہی لانے والوں کو کیا خبر کہ خون کے چھینٹوں میں رنگی دیواروں سے پھوٹتی روشنی نے پوری قوم کو منور کیا ہے، قلم کی طاقت سے بندوق کو شکست دینے کا عزم لیے یہ بچے آگے بڑھ رہے ہیں الف، ب، پہ یقین کے ساتھ۔

مزید خبریں :