28 جنوری ، 2012
لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اٹھارہ وزارتیں اپنے پاس رکھنے کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اپنی آئینی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں جس کی وجہ سے مفاد عامہ کے سب سے اہم شعبے وزارت صحت میں کوئی وزیر مقررنہیں کیا گیا۔درخواست گزار نوشاب خان ایڈووکیٹ کا موقف ہے کہ وزیراعلی شہباز شریف وزارت اعلیٰ کے ساتھ ساتھ اٹھارہ محکموں کا اضافی چارج لے کر کسی بھی شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ بطور وزیراعلیٰ مصروفیات کے باعث شہباز شریف صحت کے شعبے سے بالکل لاتعلق ہیں۔ صحت کے معاملات پر حکومتی کنٹرول نہیں رہا اس کا واضح ثبوت پی آئی سی میں ادویات کے ری ایکشن سے ہونے والی ہلاکتیں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعلی کو حکم دیا جائے کہ وہ فوری طور پر وزیر صحت کا تقرر کریں اور اس شعبے کے معاملات کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔