پاکستان
17 دسمبر ، 2015

اسلام آباد کے کس گھر میں کون رہتا ہے، سب پتا ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد کے کس گھر میں کون رہتا ہے، سب پتا ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد......وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے کس گھر میں کون رہتا ہے؟ سب پتا ہے، بلیک واٹر یا کسی غیر ملکی ایجنسی کا کوئی فرد پاکستان میں نہیں ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نے وزارت داخلہ کی کارکردگی رپوٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی اورکہاکہ ان کےساتھی بھی تقلید کریں تاکہ ہر وزارت ایوان کے سامنے جواب دہ ہو۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سے شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل کے واقعات آدھے ہوگئے،کراچی میں دہشت گردی میں 80 فیصد کمی ہوگئی،دہشت گردی کے خطرات کی 2315 رپورٹس دی گئیں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر 6463 آپریشن کیے گئے اور 2109 دہشت گرد مارے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ایجنسیوں نے اسلام آباد میں گھر کرائے پر لے رکھےتھے ، پاکستان کی بعض سیکیورٹی ایجنسیوں کے لائسنس منسوخ کیے۔

چوہدری نثار نےبتایاکہ ملک میں 2 سے 3 ماہ میں جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جا رہا ہے۔

ایوان میں وزارت داخلہ کی پیش رپورٹ کےمطابق نفرت انگیز تقاریر پر 11ہزار 313 مقدمات درج کیے گئے، ای سی ایل سے 9750 اور بلیک لسٹ سے 50 ہزار نام نکال دیے گئے، 9 کروڑ 83لاکھ سمز بلاک کی گئیں، بکتر بند گاڑیوں کے لیے 67 غیر قانونی این او سی کا پتہ چلا کر ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کی۔

رپورٹ کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن کےبارےمیں ڈیٹا بینک قائم کیاجائےگا، دہشت گردوں، کالعدم تنظیموں کا ڈیٹا بینک نادرا، ایف آئی اے امیگریشن، پاسپورٹ اور ای سی ایل کےساتھ شیئر کیا جائے گا۔

رپورٹ میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے کو اسلام آباد پر دھاوا قرار دیتےہوئےکہاگیاکہ ان سے نہ صرف داخلی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا بلکہ اسلام آباد کے ہزاروں شہریوں اور سفارت کاروں کی زندگیوں کوبھی خطرے سےدوچارکیاگیا۔

مزید خبریں :