پاکستان
18 دسمبر ، 2015

سینیٹ میں کالعدم تنظیموں کی فہرست پیش کردی گئی

 سینیٹ میں کالعدم تنظیموں کی فہرست پیش کردی گئی

اسلام آباد........وزارت داخلہ نے آج سینیٹ میں کالعدم تنظیموں کی فہرست پیش کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے ایوان کوبتایا کہ اس بات کی نگرانی کی جاتی ہے کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر نہ آئیں ۔وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ کو تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک میں دہشت گردی کے ایک ہزار 113 واقعات ہوئے ، اس سال 637 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 710 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گيا ۔

وزارت داخلہ نے سینیٹ میں کالعدم تنظیموں کی فہرست بھی پیش کی ، اس فہرست میں بلوچستان ری پبلکن آرمی ، لشکر بلوچستان اور داعش سمیت 61 تنظیمیں شامل ہیں ۔وزارت داخلہ کے مطابق جماعۃ الدعوۃ کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل نہیں ، یہ تنظیم زیر نگرانی ہے ۔تاہم لشکر جھنگوی ، سپاہ محمد پاکستان ، جیش محمد ، سپاہ صحابہ پاکستان کالعدم تنظیموں میں شامل ہیں۔تحریک جعفریہ پاکستان،تحریک نفاظ شریعت محمد،تحریک اسلامی بھی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے ایوان کوبتایا کہ وزارت داخلہ نگرانی کرتی ہےتاکہ کالعدم تنظیمیں دوسرے نام سے نہ آئیں ،صوبوں کو بھی ہدایت ہے کہ نام بدل کر کوئی کالعدم تنظیم دوبارہ نہ آئے،ہم کالعدم تنظیموں کی فہرست کو پابندی سے اپ ڈیٹ کرتے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان کو یہ بھی بتایا گيا کہ اسلحہ لائسنس جاری کرنے پر جون 2013 سے پابندی عائد ہے ، ملک میں اسلحہ پر پابندی کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

مزید خبریں :