18 دسمبر ، 2015
کراچی.......امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نےکراچی پریس کلب کو تین کمپیوٹرز کا تحفہ دیا۔پریس کلب کے دورے کے موقع پر انہوں نے صدر فاضل جمیلی اور جنرل سیکریٹری اے ایچ خانزادہ کے علاوہ گورننگ باڈی کے اراکین سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ کمپیوٹرز مقامی صحافیوں کو ان کی پیشہ ورآنہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مدد فراہم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک جمہوری معاشرے میں میڈیا بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔پاکستانی صحافیوں کو بے شمار مشکلات اور خطرات کا سامنا ہےاور ان کا کراچی پریس کلب آنےکا مقصد پاکستانی صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
قونصل جنرل برا ئن ہیتھ نے کہا کہ امریکی قونصل خانے کراچی نے صحا فیوں کی پیشہ ورآنہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے کئی تربیتی پروگرام متعارف کروائے ہیں اور کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA)میں سینٹر فار ایکسلینس ان جرنلزم(CEJ) کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے4ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ CEJپاکستان بھر کے صحا فیو ں کے لیے اعلیٰ معیاری تربیت کی سہولیات مہیا کرتا ہے ۔اس منصوبے کے تحت امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے میڈل اسکول آف جرنلزم کے کئی پروفیسرز پاکستان آکر مقامی صحافیوں کو تربیت فراہم کر چکے ہیں۔
قونصل جنرل برا ئن ہیتھ نے بتایا کہ گذشتہ دو سال کے دوران مختلف ٹی وی چینلز کے عملے کو امریکا بھیجا گیا جہاں انہوں نے امریکی معاشرت اور طرز زندگی پر دستاویزی فلمیں تیار کیں۔
برائن ہیتھ نےامریکی حکو مت کی طرف سے صحافیوں کیلئے مخصوص تبادلہ پروگراموں کا بھی ذکر کیا جس کے تحت سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی صحافیوں کو امریکا بھیجا گیا۔