22 دسمبر ، 2015
لاہور.....پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری 5ماہ بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ کہتے ہیں دہشت گردی کے پیچھے بھی کرپشن کاپیسا استعمال کیا جارہا ہے، سندھ میں خطرناک اور بھیانک کھیل کھیلا جارہا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری استنبول سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سارا ملک ذاتی کاروبار کی طرح چلایا جارہا ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی کہیں نظرنہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے اور اسے تحفظ دینے کے لیے آپس میں سمجھوتا کر رکھا ہے ۔
طاہرالقادری کا کہنا تھا سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر جوں کی توں ہے ۔ شہدا کےخون کا بدلہ لیاجائےگا۔
لاہور ایئرپورٹ سے مولانا طاہر القادری کو قافلے کی صورت میں ان کے گھر ماڈل ٹاؤن لے جایا گیا ۔ وہ آج کسی وقت پریس کانفرنس بھی کریں گے۔