پاکستان
22 دسمبر ، 2015

وفاق نے رینجرز کومکمل اختیارات کے ساتھ 60 دن کی توسیع دیدی

وفاق نے رینجرز کومکمل اختیارات کے ساتھ 60 دن کی توسیع دیدی

اسلام آباد......وفاق اور سندھ حکومت تُو تُو میں میں کے بعد آمنے سامنے آگئے ہیں۔وفاق نے رینجرز کومکمل اختیارات کے ساتھ 60 دن کی توسیع دے دی۔

سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں کچھ کمی کے ساتھ ایک سمری وفاقی حکومت کو بھیجی تھی، وفاقی حکومت نے اس سمری کو مسترد کردیا ۔ سندھ میں رینجرز کے اختیارات پر کوئی شرط قبول نہیں، یہ کہہ کر وفاقی حکومت نے سندھ میں رینجرز کو مکمل اختیارات کے ساتھ 60دن کی توسیع دے دی۔

وفاقی حکومت نے سائیں سرکار کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز کے محدود اختیارات منظور نہیں، رینجرز کو کراچی میں رکھنا ہے تو مکمل اختیارات کے ساتھ، ورنہ کوئی ضرورت نہیں۔

سندھ حکومت کو بھیجے گئے خط میں وفاقی حکومت نے یاد دلایا کہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد انسداد دہشت گردی کے وفاقی قانون کو تبدیل نہیں کر سکتی، آئین کے آرٹیکل 148 کے سب کلاز تھری کے تحت ہر صوبے کو اندرونی اور بیرونی جارحیت اور گڑبڑ سے تحفظ دینا وفاق کی زمہ داری ہے اور اس کے تحت وفاق صوبے کو ضروری ہدایات بھی جاری کرسکتا ہے۔

ساتھ ہی رینجرز کے اختیارات کی غیر مشروط سمری وفاق کو بھجوانے کی ہدایت جاری بھی کردی گئی،یعنی اب کم سے کم دوماہ کے لیے رینجرز ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور فرقہ وارانہ قتل کے خلاف تو آزادانہ کارروائیاں کرے گی، ساتھ ہی دہشت گردوں کی مالی معاونت کے شبہے میں یا انہیں کسی بھی طریقے سے مدد کرنے والے کسی بھی شخص کو بھی 90روز کے لیے حراست میں رکھ سکے گی اور ان اقدامات کے لیے اب سندھ رینجرز کو صوبائی حکومت کی اجازت کی بھی ضرورت نہیں۔

چوہدری نثار کی زیر صدارت اجلاس میں رینجرز کو محدود اختیارات دینے کی سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

مزید خبریں :