پاکستان
22 دسمبر ، 2015

کراچی:سپریم کورٹ کا ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ پر اظہارِعدم اطمینان

کراچی:سپریم کورٹ کا ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ پر اظہارِعدم اطمینان

کراچی......سپریم کورٹ نے سندھ پولیس میں خلاف ضابطہ بھرتیوں اور اربوں روپے کی کرپشن کیس میں ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ سینکڑوں غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں۔

جسٹس امیرہانی مسلم، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل لارجر بنچ نے سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور اربوں کی کرپشن کیس کی سماعت کی۔ لارجر بینچ نےایڈیشنل آئی جی خادم بھٹی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ بھرتیوں سے متعلق انکوائری رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں۔

ایڈیشنل آئی جی عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں،26 افسران کے خلاف کوئی کارروائی ہی نہیں کی گئی۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کس طرح منظور کردہ 179 اسامیوں پر 549 پولیس اہلکار بھرتی ہوئے ۔جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ میرٹ کی دھجیاں اڑادیں گئیں اور ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آئی جی سندھ نے ہائی کورٹ کے حکم پر کیوں عمل درآمد نہیں کیا۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ ڈی آئی جی منیر شیخ اور ڈی آئی جی خالد شیخ کی انکوائری رپوٹ پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔لارجر بنچ نے ضلعی پولیس میں بھرتیوں پر بھی انکوائری کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل صبح تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :