23 دسمبر ، 2015
کراچی...... سول اسپتال کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کیلئے وی آئی پی پروٹوکول کے باعث راستے بند ہونے سے بروقت طبی امداد نہ ملنے پرلیاری سے تعلق رکھنے والی 10ماہ کی بچی بسمہ انتقال کرگئی۔
بچی کے والد کا کہنا ہے کہ وی وی آئی پی سیکورٹی کے باعث سول اسپتال آنے والے راستے بند تھے، جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی اور میرے ہاتھوں میں بچی نے جان دے دی، ڈاکٹرزکہتے ہیں اگر 10منٹ پہلے اسپتال پہنچ جاتے تو بچی کی جان بچ سکتی تھی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سول اسپتال کراچی میں بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر کا افتتاح کیا، ان کی آمد کے موقع پر سیکورٹی سخت انتظاماتتھے اور اسپتال آنے والے راستے بند کردیئے گئے تھے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے انتقال پر افسوس ہے ، اگرسکیورٹی کی وجہ سے بچی کا انتقال ہوا ہے تو والدین سے معذرت خواہ ہوں۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہمیں سب سے زیادہ بلاول بھٹو عزیز ہیں، ان کی فیملی کو سیکورٹی خدشات ہیں۔