23 دسمبر ، 2015
لاہور........پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخر کار تسلیم کر لیا ہے کہ کچھ کھلاڑی ٹیم میں محمد عامر کی واپسی کےخلاف ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیئرمین شہریار خان نے اسپاٹ فکسنگ کیس کے سزا یافتہ محمد عامر کو تلقین کی ہے کہ وہ عاجزی اور اپنے رویئے میں ڈسپلن کا مظاہرہ کریں ۔
کھلاڑیوں، میڈیا اورکمنٹیٹرز کی جانب سے محمد عامر کے لئے قومی ٹیم کی راہیں ہموار کرنے پر تنقیدکے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ عامر کو کیوں منتخب کیا جا رہا ہے۔
اپنے اعلامئے میں پی سی بی نے کہا کہ محمد عامر نے بحالی کا پروگرام مکمل کیا ہے ، اُنہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی ، عامر سے جب جرم سرزد ہوا ان کی عمر 19 برس جبکہ بیک گرائونڈ پسماندہ تھا۔
پی سی بی کے اعلامئے کے مطابق آئی سی سی نے محمد عامر کو پابندی ختم ہونے سے چھ ماہ پہلے ہی کھیلنے کی اجازت دی ، محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ اور بی پی ایل میں اچھا پرفارم کیا، چیئرمین پی سی بی نے محمد عامر سے ملاقات میں اُن کو مثالی رویہ اپنانے کی تلقین کی ہے جس کی محمد عامر نے یقین دہانی کرائی ہے۔