انٹرٹینمنٹ
27 دسمبر ، 2015

بالی ووڈ اداکار فاروق شیخ کو مداحوں سے بچھڑے2 برس بیت گئے

بالی ووڈ اداکار فاروق شیخ کو مداحوں سے بچھڑے2 برس بیت گئے

ممبئی .......ہندوستانی فلموں کے مشہور اداکار فاروق شیخ کو مداحوں سے بچھڑے 2 برس بیت گئے۔

بالی وڈ میں فاروق شیخ کو ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے آرٹ سنیما کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ سنیما میں بھی اپنی خاص شناخت قائم کی۔

فاروق شیخ25 مارچ 1948 کو گجرات کے شہر بڑودہ میں پیدا ہوئے، کیریئر کا آغاز 1973ء میں ہندوستان کی آزادی پر بننے والی فلم 'گرم ہوا سے کیا۔

اس کے علاوہ اداکار فاروق شیخ نے فلم 'شطرنج کے کھلاڑی، چشم بدور، ساگر، میرے ساتھ چل، بازار، کسی سے نہ کہنا، رنگ برنگی، سلمیٰ، فاصلے، کھیل محبت کا، نوری اور امراؤ جان ادا سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اپنے کیریئر میں انہوں نے آرٹ فلموں کی کم وبیش تمام معروف ہیروئنوں کے ساتھ کام کیا۔ ہدایت کار ساگر سرحدی کی فلم لوری،ایک پل اور مظفر علی کی انجمن میں شبانہ اعظمی ان کی ہیروئن بنی تھیں، مگر دیپتی نول کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مقبول ہوئی۔

فلم بین چشم بددور،کتھا، ساتھ ساتھ،کسی سے نہ کہنا،رنگ برنگی اورٹیل می او خدا میں اس جوڑی کی پرفارمینس سے محظوظ ہوئے۔

فاروق شیخ نے اپنے اسٹیج ڈراموں کی ساتھی روپا سے شادی کی، جن سے ان کی ایک بیٹی ثناء ہے۔

دسمبر 2013کے آخری ہفتے میں یہ خاندان دبئی میں تھا جہاں فاروق شیخ 27دسمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

مزید خبریں :