28 مئی ، 2012
لاہور…جماعت اسلامی نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے تیس تجاویزپرمشتمل شیڈول بجٹ پیش کردیا،لیاقت بلوچ کہتے ہیں کہ ان تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے سے عوام کو معاشی اورسماجی طورپرریلیف مل سکے گا۔لاہور پریس کلب میں جماعت کے معاشی ماہرین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ سابقہ چاربجٹ مکمل ناکام ہوئے ہیں اورعوام کے مسائل میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے،حکمرانوں کی کرپشن کا بوجھ عوام سے ٹیکسوں کے ذریعے لیا جارہا ہے غیرترقیاتی اخراجات پر کنٹرول نہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی عوام کی مجرم ہیں،نوٹ چھاپنے سے افراط زر اوربینک دیوالیہ ہورہے ہیں جس سے عوام ذہنی اوراعصابی مریض بن رہے ہیں،پی آ ئی اے کو جان بوجھ کردیوالیہ کرکے اس کے اسٹرکچرپرزرداری خاندان قبضہ کرکے اپنی نجی ایئرلائن چلانا چاہتا ہے۔ سی بی آر کے سابقہ چیئرمین جماعت اسلامی کے راہنما سرفرازخان کا کہنا تھاکہ حکمران طبقہ کی ملکی معیشت کو بہترکرنے کی نیت ہی نہیں رکھتا کرپٹ ٹولہ ملکی وسائل کی لوٹ مارمیں مصروف ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر چھ ماہ میں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ اورایک سال میں بجٹ خسارہ ختم کردے گی جبکہ اداروں میں نیک،اہل اورایماندار افسران کو تعینات کرکے عوام کی محرومیاں ختم کردیں گے۔