31 دسمبر ، 2015
کوئٹہ......بلوچستان اسمبلی کےحلقے پی بی 50 تربت میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، حلقے میں انتخابی عمل پرامن رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی بی 50 تمپ، مند اور دشت کڈان میں آج ضمنی انتخاب ہوا، یہ نشست مسلم لیگ ن کے رہنما اکبرآسکانی کےانتخابی نتیجے کوعدالت کی جانب سے کالعدم قرار دیے جانے کے باعث خالی ہوئی تھی۔
صبح 8بجے شروع ہونےوالی پولنگ بغیرکسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی، انتخابی عمل کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور لیویز کے ساتھ ایف سی بھی تعینات کی گئی تھی، دو مقامات پر راکٹ فائر کیے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صوبائی الیکشن کمشنرسید سلطان بایزید کا کہنا ہے کہ علاقے دوردور ہونےکےباعث نتائج ترتیب دینے میں کچھ وقت لگے گا۔ اس نشست پر نیشنل پارٹی کے رہنما اکرم دشتی،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے رہنما محمد علی رند اور مسلم لیگ ن کے رہنما اکبر آسکانی کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔