01 جنوری ، 2016
اسلام آباد......وفاقی وزیراطلاعات ونشریات اور وزیرمملکت برائے امورصحت کا کہنا ہے غریبوں کو مفت علاج کی سہولت دے کرنوازحکومت نے اپنے منشور کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، اب کوئی غریب مریض علاج سے محروم نہیں رہے گا۔
وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انشورنس اسکیم میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ روپے سے زیادہ رقم دی جائے گی، قومی صحت پروگرام کے ذریعے مہلک امراض کا بھی علاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے 2016 ءکے لیے پاکستان کے ان لوگوں کو جو غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارتے ہیں ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اعلان کیا ہے یہ ہم نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا۔
وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ اب غریب مریض علاج کیلئے ایڑیاں نہیں رگڑیں گے،اگر کوئی مریض اسپتال میں داخل ہے اوراس کی لمٹ 3 لاکھ سے بڑھ گئی ہے تو اسپتال والے ہرگزاسے اٹھا کر باہر نہیں پھینکیں گے، اس کے لیے ہم نے بیت المال سے ایم او یو سائن کیا ہے ان کی ری انشورنس کی جائے گی۔
9اعشاریہ1 ارب روپے لاگت کے اس پروگرام میں پنجاب کے لیے 386، خیبرپختونخواہ کے لیے 30، سندھ کے لیے 300، بلوچستان کے لیے 73، آزاد کشمیر کے لیے 209، فاٹا کے لیے 240 گلگت بلتستان 72 جبکہ اسلام آباد کے لیے 130 ملین روپے سالانہ مختص کیے گئے ہیں۔