02 جنوری ، 2016
کراچی.......انتظار کی گھڑیاں ختم، ہفت روزہ اخبار جہاں کے دنیا بھر میں کروڑوں قارئین کے لیے اچھی خبر ہے کہ اردو کے سب سے کثیر الاشاعت ہفت روزے نے اپنے اشاعت کے پچاسویں سال میں قدم رکھ دیا ہے، اخبار جہاں کا گولڈن جوبلی نمبر تمام بک اسٹالز کی زینت ہے۔
جنگ گروپ کے بینر تلے اخبار جہاں جنوری 1967 ءمیں میر صحافت میر خلیل الرحمان کی زیر سرپرستی کراچی سے شائع ہونا شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے قارئین کا پسندیدہ ترین میگزین بن گیا۔
اس میں شامل مواد ہر عمر، ہر طبقے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ہمیشہ پسندیدگی کا باعث رہا۔
اخبار جہاں کے گولڈن جوبلی نمبرمیں جہاں ایک طرف قارئین کو آنے والے کل کی جھلک نظرآئے گی وہیں ماضی کی یادیں بھی پڑھنے والوں کو اپنا گرویدہ بنائیں گی۔ دو سو صفحات پر مشتمل اخبار جہاں کے اس شمارے کی قیمت 90روپے مقرر کی گئی ہے۔