کھیل
29 مئی ، 2012

اسجد اقبال نے قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

اسجد اقبال نے قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

کراچی … نوجوان کھلاڑی اسجد اقبال نے تجربہ کار محمد آصف کو آوٴٹ کلاس کرکے قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی ہے، کامیابی کے ساتھ اسجد اقبال قومی رینکنگ میں سولہویں سے دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ کراچی میں کھیلی گئی چیمپئن شپ میں پاکستان نمبر ون محمد آصف کو سابق جونیئر چیمپئن اسجد اقبال نے ٹف ٹائم دیا، اسجد نے ابتداء ہی میں آصف کیخلاف 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔ محمد آصف نے بعد ازاں فائٹ بیک کیا لیکن کسی بھی موقع پر خسارے سے نہ نکل سکے، 5 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا فائنل اسجد اقبال نے 4 کے مقابلے میں 7 فریم سے جیت لیا۔ فتح کے بعد اسجد اقبال نے کہا کہ آصف دباوٴ کا شکار تھے جس کا انہوں نے فائدہ اٹھایا جبکہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ان سے کیو پر کنٹرول ہی نہیں ہوپارہا تھا۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں اسنوکر 2، 3 کھلاڑیوں کے گرد نہیں گھوم رہی، نئے چہروں کا اوپر آنا پی بی ایس اے کیلئے خوش آئند ہے۔ محمد آصف شکست کے باوجود بھی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ اسجد اقبال سولہویں سے دوسری پوزیشن پر آگئے۔ ٹورنامنٹ سے قبل دوسری پوزیشن پر موجود سلطان محمد تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

مزید خبریں :