29 مئی ، 2012
لاہور … بھارت میں ورلڈ سیریز ہاکی کھیلنے والے ریحان بٹ نے کہا ہے کہ جرمانے میں کمی کیلئے پی ایچ ایف کے صدر سے بات کروں گا جبکہ شکیل عباسی کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کی جانب سے جرمانے کا فیصلہ حیران کن ہے۔ پی ایچ ایف کی ڈسپلنری کمیٹی کی جانب سے بھارت میں ورلڈ ہاکی سیریز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو جرمانے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق کپتان ریحان بٹ نے کہا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ایک سال میں 10 لاکھ روپے نہیں کماتا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جرمانے میں کمی کیلئے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے صدر سے بات کریں گے۔ دوسری جانب شکیل عباسی کہتے ہیں کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا فیصلہ حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل ساتھی کھلاڑیوں سے مشورے کے بعد طے کریں گے۔ واضح رہے کہ بھارت میں ورلڈ سیریز ہاکی میں شرکت پر پی ایچ ایف نے شکیل عباسی اور ریحان بٹ پر 10،10لاکھ جبکہ دیگر 6 کھلاڑیوں پر ڈھائی ، ڈھائی لاکھ روپے جر مانہ عائد کیا ہے۔