05 جنوری ، 2016
نئی دہلی........بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بیکانیرمیںپولیس نے 8کشمیری تاجروں کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ۔
کولایات پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او گوپال سنگھ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کشمیری تاجر ایک بس میںباجوجارہے تھے اور انہیں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر حراست میں لیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ ابتدائی طورپر بتایا گیا ہے کہ وہ لکڑیاں کاٹنے کیلئے کشمیر سے بیکانیرآئے ہیں، اس حوالے سے ان کی سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔
ادھر پٹھان کوٹ حملے کے بعد پنجاب میں پولیس کشمیری تاجروں ، طالب علموںاور ملازمین کو ہراساں کر رہی ہے ۔ پنجاب میں زیر تعلیم بہت سے کشمیری طالب علموںنے ٹیلی فون پر صحافیوں کو بتایا ہے کہ پولیس ان کی رہائش گاہوں پر رات کے وقت چھاپے مار رہی ہے جس سے وہ شدید خوف کا شکار ہیں۔
ایک کشمیری نے بتایا کہ پولیس انہیں ہراساں کرنے کے علاوہ ان سے پستول اور بندوقوںکے بارے میں سوال کرتی ہے ۔پرائیویٹ کالج میں لیکچرارنعیم احمد نے بتایا کہ پولیس کشمیریوں کی تصاویر لینے کے علاوہ انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دے رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری خوف اورعدم تحفظ کے احساس کی وجہ سے پوری رات سو نہیں سکتے ہیں۔