پاکستان
18 جنوری ، 2016

سینیٹ و قومی اسمبلی کے اجلاس آج،8بلز پیش کئے جائینگے

سینیٹ و قومی اسمبلی کے اجلاس آج،8بلز پیش کئے جائینگے

اسلام آباد ......سینیٹ و قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہونگے،ملک کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر بحث ہو گی،فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کے تیار کردہ 8 بلز بھی آج سینیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

سینٹ کا اجلاس 2 دن کے وقفے کے بعد آج دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہو گا ، اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق فرحت اللہ بابر نیکٹا ترمیمی بل اور سینٹر اعظم سواتی حج اور عمرہ آپریٹرز کی رجسٹریشن کا بل متعارف کرائیں گے۔

اٹھارویں ترمیم پر عملدرامد کرانے کی قرارداد سینٹر سراج الحق پیش کریں گے،اداروں میں اختیارات کے تعین خصوصا پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق پر فرحت اللہ بابر کی تحریک پر بحث کا امکان ہے۔

امریکی صدر اوبامہ کے پاکستان کے دہائیوں تک عدم استحکام کا شکار رہنے سے متعلق بیان پر سینیٹر مشاہد حسین سید کی تحریک التوا پر بھی بحث ہو گی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شام ساڑھے 4 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ہو گا،اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی ، امن و امان کی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر بحث کا امکان ہے۔

مزید خبریں :