18 جنوری ، 2016
سنگاپور........ ایران کے خلاف یورپی پابندیوں کے خاتمے کے بعد پہلے ہی کاروباری روز ایشیائی آئل مارکیٹ میں پیر کو برینٹ کروڈ کے نرخ 28 ڈالر فی بیرل سے بھی گر گئے جوکہ خام تیل کی قیمتوں کی 12 سال سے زائد عرصہ کی کم ترین سطح ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران امریکا کے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے فروری میں ترسیل کے معاہدے 30 سینٹ یا ایک اعشاریہ دو فیصد کی کمی سےانتیس ڈالر فی بیرل میں طے پائے جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے مارچ میں ترسیل کے سودے 4.4 فیصد کی گراوٹ سے 27 اعشاریہ 67ڈالر فی بیرل میں ہوئے جوکہ برینٹ کروڈ کی قیمتوں کی نومبر 2003ءکے بعد کی کم ترین سطح پر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کے نرخوں میں کمی کی بڑی وجہ ایران کے خلاف عائد یورپی پابندیوں کا خاتمہ ہے۔ ماہرین کے مطابق خام تیل کے ایرانی برآمدکنندگان کے مارکیٹ میں آنے سے عالمی سطح پر خام تیل کی رسد میں اضافے کا امکان ہے۔