31 مئی ، 2012
کراچی … سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کی رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جواب داخل کرادیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی رکن قومی اسمبلی کے طور پر نااہل نہیں ہیں، آئین کی روشنی میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نا اہلیت کے خلاف الزامات درست نہیں اور اسپیکر قومی اسمبلی کا اختیار ہے کہ وہ الزام ثابت ہونے پر رکن اسمبلی کو نااہل قراردے اور الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجے۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنے جواب میں کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف پٹیشن قابل سماعت نہیں اسے مسترد کیا جائے۔ جس کے بعد مقدمہ کی سماعت 6 جون تک ملتوی کردی گئی۔