01 جون ، 2012
غازی ... تربیلا ڈیم کے قریب جنگلات میں آگ لگنے سے ٹرپ کرنے والے تربیلا پاور ہاوٴس کے تما م یونٹس بحال کردئے گئے۔پاور ہاوٴس سے 1912 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی۔جمعرات کی رات دس بجے قریب تربیلاڈیم کی کالونی کے پہاڑی سلسلے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔تیز ہواوٴں کے باعث آگ کے شعلے تیزی سے تربیلا پاور ہاوٴس کی طرف بڑھے۔ تربیلا ڈیم کے ٹرمینل چار کے قریب ہائی ٹرانسمیشن لائن کے کیبل میں آگ لگنے سے آر بی سی اور آر وی سی فیڈر کے چودہ یونٹس ٹرپ ہوگئے۔غازی تربیلا اور ہری پور سے فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے لئے تربیلا پاور ہاوٴس پہنچے جنہوں نے دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔آگ لگنے کے بعد ہم نے متعلقہ ایجنسیز جیسے فائر بریگیڈ کو مطلع کیا جس کے بعد کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔پاور ہاوٴس بند ہونے سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔آگ بجھنے کے فیڈرز بحال کرنے کی کوششیں شروع کی گئیں۔ رات تین بجے تک پاور ہاوٴس کے تمام چودہ یونٹس بحال کردئے گئے۔