25 جنوری ، 2016
اسلام آباد.....سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے ایم این اے اعجاز جاکھرانی کو نا اہل قرار دینے کی درخواست خارج کر دی۔ ن لیگ کے امیدوار الٰہی بخش سومرو نے اعجاز جاکھرانی کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کی تھی۔
جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ غیرتصدیق شدہ ووٹ جعلی نہیں، سپریم کورٹ یہ معاملہ پہلے ہی طے کر چکی ہے۔
سپریم کورٹ اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کو بھی تیار نہیں، دھاندلی کا الزام لگانے والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ شواہد بھی دے۔
سپریم کورٹ نے آئندہ الیکشن کیلئے بہت سی چیزوں کو طے کر دیا ہے، ٹربیونل میں انتخابی عذرداری دائر کرنے کے بعد اس میں ترمیم نہیں کی جا سکتی، اعجاز جاکھرانی این اے 208 جیکب آباد ون سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔