کاروبار
01 جون ، 2012

وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کا متن جیو نیوز کو موصول

وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کا متن جیو نیوز کو موصول

اسلام آباد… وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کا متن جیو نیوز کو موصول ہوگیا ہے جس میں 2008 کے چیلنجز اور موجودہ حکومت کی چار سال کی کارکردگی کا ذکر ہے۔ آئندہ بجٹ میں باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کرنے والوں کو سرکاری اداروں اور عوامی مقامات پر خصوصی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ نئے وفاقی بجٹ کیلئے وزیر خزانہ کی تقریر میں لکھا گیاہے کہ انکم ٹیکس ادا کرنے والوں کے لئے اعزازی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ یہ کارڈ رکھنے والوں کو نادرا، پاسپورٹ دفاتر، ایئرپورٹس، کسٹمز، امیگریشن، ایف بی آر اور دیگر عوامی مقامات پر سہولیات دی جائیں گی، انکم ٹیکس ادا کرنے والوں کے نام ایف بی آر کی ویب سائیٹ پر بھی جاری کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی تقریر کے مطابق صوبوں کو جائیداد اور زراعت پر ٹیکس لگانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ گزشتہ چار سالوں میں پٹرول پر 104 ارب روپے ، کھاد پر 110 ارب روپے اور غذائی اشیا پر 137 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ پٹرولیم لیوی کی مد میں 136 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ سیلاب سے سندھ بھر میں10 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور چاول، سرخ مرچ، پیاز ٹماٹر اور کپاس کی فصل شدید متاثر ہوئی۔ بینکاری نظام سے حکومتی قرضوں کی وجہ سے افراط زر میں اضافہ ہوا جبکہ نجی شعبہ سستے قرضے کے لیے ترستا رہا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی مہنگائی کا باعث بنا۔

مزید خبریں :