01 جون ، 2012
ممبئی … سپر ہٹ بالی ووڈ فلم ” ڈرٹی پکچر“ کی ریمیکس کی خبریں ایک عرصے سے سننے کو مل رہی ہیں، لیکن اب ڈرٹی پکچر کی پروڈیوسر ایکتا کپور نے ان ری میکس کو روکنے کیلئے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔ ایکتا کپور کی ہٹ فلم دی ڈرٹی پکچر کی ریمیکس کی منصوبہ بندی ان کی اجازت کے بغیر کچھ عرصے سے جاری ہے۔ فلم کی کناڈا ریمیک میں پاکستانی اداکارہ وینا ملک اور بنگالی ریمیک میں راکھی ساونت کو کاسٹ بھی کر لیا گیا ہے اور دونوں ہی ایکٹریسز آئے دن اس سلسلے میں بیانات بھی دیتی جا رہی ہیں، لیکن بالاجی موشن پکچرز کی طرف سے ان دونوں ہی فلموں کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھیجے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے اس سلسلے میں بالا جی فلمز سے اجازت نہیں لی جس کے پاس ڈرٹی پکچر کے حقوق محفوظ ہیں۔ ایکتا کپور کا کہنا ہے کہ ان کی فلم کا پلاٹ ان کی اجازت کے بغیر وہ ہر گز استعمال نہیں ہونے دیں گی۔