31 جنوری ، 2016
لاہور…پنجاب میں اسکولوں کی چھٹیوں کے معاملےپر ڈیڈلاک ختم ، پرائیویٹ اسکولز ایسویسی ایشن نے کل سے مشروط طورپر صوبے بھر میں اسکول کھولنے کااعلان کردیا ، معاملات حل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیےجائیں۔
پنجاب حکومت اور اسکولز مالکان کی ایسوسی ایشن کے درمیان یکم فروری کو اسکول کھولنے کے حوالے سے مذاکرات میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ،سی سی پی او،ڈی سی او لاہور اور محکمہ تعلیم کے حکام شریک ہوئے، بعدمیں مشترکہ پریس کانفرنس میں اسکولز ایسوسی ایشن کے رہنما کاشف مرزا نے کل سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا ،مگر اس شرط کے ساتھ کہ اسکول مالکان کے خلاف مقدمات واپس لیے جائیں گے ۔
وزیر تعلیم پنجاب کاکہنا تھا کہ اسکولوں کی سیکیورٹی کو فول پروف اور ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا رانا مشہودنے نجی اسکولوں کے خلاف مقدمات واپس لینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
سانحہ چارسدہ کے بعد سیکیورٹی خدشات اور شدید سردی کے باعث ایک ہفتہ بند رہنے والے پنجاب کے تعلیمی اداروں کی رونقیں یکم فروری سے دوبارہ بحال ہو جائیں گی ۔