21 فروری ، 2016
لاہور......نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم ہر دل اور در پر دستک دیں گے کہ مظلوم عوام جاگ اٹھیں اور پرامن طریقے سے کرپشن کا ناسور ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں ۔
منصورہ میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں اور باوسائل طبقات کو لوٹ مار کرنے کے علاوہ کسی چیز سے دلچسپی نہیں ہے ، جب حکمران بدعنوانی کے رسیا ہو جائیں تو رعایا کا بدعنوان ہونا لازمی امر ہوتاہے ،ہمارے ملک کی اعلیٰ عدالتیں بھی اعتراف کر رہی ہیں کہ بدعنوانی ہر شعبے ، حتیٰ کہ عدلیہ میں بھی اپنی گہری جڑیں گاڑ چکی ہے ،وزیرخزانہ خود بتاتے ہیں کہ ملک سے لوٹ مار کے دو سو ارب ڈالر ناجائز طور پر بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں
حافظ ادریس کا کہناتھا کہ کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر دنیائے اسلام کی واحد ایٹمی قوت کے عوام کبھی سکھ چین کی زندگی نہیں بسر کر سکتے، کرپشن میں پاکستان کو دنیا کے 127 ویں نمبر پر دیکھ کر غیرت مند پاکستانی کا سر شرم سے جھک جاتاہے۔