23 فروری ، 2016
اسلام آباد ......افغان حکومت اور طالبان کے پہلے براہ راست مذاکرات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے ، پاکستان نے اسلام آباد ميں میزبانی کی پیشکش بھی کر دی۔
افغان مفاہمتی عمل پر 4 ملکی رابطہ گروپ کا چوتھا اجلاس کابل میں ہوا،پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے نمائندوں نے افغان امن عمل کے روڈ میپ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور امن و مصالحت کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق رابطہ گروپ نے تمام افغان طالبان اور دیگر گروہوں کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی ہے ، افغان حکومت اور طالبان کے براہ راست مذاکرات کا پہلا دور مارچ کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے،پاکستان نے ان مذاکرات کی اسلام آباد میں میزبانی کرنے کی پیش کش کی ہے ۔
رابطہ گروپ نے پاک ، افغان مشترکا ورکنگ گروپ قائم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکا گروپ دونوں ملکوں کے جید علماء کے ساتھ مل کرافغان امن کے لیے کام کرے گا۔
رابطہ گروپ نے افغان صدر اشرف غنی کے افغان طالبان اور حزب اسلامی حکمتیار گروپ سے مفاہمت کے اعادے کا خیر مقدم بھی کیا، 4 ملکی رابطہ گروپ کا اگلا اجلاس افغان حکومت اور طالبان مذاکرات کے بعد اسلام آباد میں ہو گا ۔