05 جون ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے حج 2010ء کے انتظامات میں کرپشن الزامات کے مقدمہ کی تفتیش پولیس آفیسر حسین اصغر کو دوبارہ سونپنے کیلئے 8 جون تک کی مہلت دے دی ہے۔ چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی، کمرہ عدالت میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ بھی موجود تھے،اس مقدمہ میں پہلے تفتیش کرنے والے ایف آئی اے آفیسر حسین اصغر کو آئی جی گلگت بلتستان مقرر کردیاگیا تھا، عدالت نے کیس کی تفتیش میں حسین اصغر کو واپس لانے کا حکم دے رکھا ہے ، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ حسین اصغر کا واپس تبادلہ یقینی بنانے کیلئے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو مہلت دی جائے، عدالت نے سماعت 8 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آرڈر میں لکھا کہ حسین اصغر، سول سرونٹ ہیں، وہ وفاقی حکومت کے احکامات ماننے کے پابند ہیں، اس کیس کی تفتیش سے حسین اصغر ہچکچائیں تو انکے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔