05 جون ، 2012
لاہور… وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سادگی سے کیمپ لگاکر کام کرنا کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں۔ بہاول پور کے کیمپ آفس میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک پنجاب سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ میں سوتیلا سلوک ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک وہ اور ان کی کابینہ کے لوگ کیمپوں میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گیس اوربجلی کی غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پنجاب کا ایک سال میں 4 سو ارب روپے کا معاشی نقصان ہوا ، مسٹر زرداری جتنی سازشیں کرلیں ان کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے ذریعے کسی بھی صوبے کو بجلی بنانے کا اختیار نہیں،وفاق جھوٹ بول رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ صدر زرداری نے قومی اسمبلی میں بہاول پور اور ملتان صوبے کا جو ریفرنس بھیجا ہے وہ سراسر منافقت اور جھوٹ ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کے موقع پر پیرامیڈیکل اسٹاف اور ایپکا کے ملازمین نے مطالبات کے حق میں کیمپ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔