12 جنوری ، 2012
اسلام آباد… عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ اے این پی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی، ان کی جماعت ہرغیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی، ہم کسی تصادم کی حمایت نہیں کرینگے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا کیلئے جمہوری استحکام ضروری ہے،پاکستان عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاست میں کبھی بھی پوائنٹ آف نو ریٹرن نہیں ہوتا۔ اسفندیار ولی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی غیر آئینی اور غیرقانونی قدم اٹھایا گیا تو اس کی مزاحمت کی جائے گی۔ سیکریٹری دفاع کی برطرفی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم کو یہ اختیار حاصل تھا یا نہیں، اور اس حق کو ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں قرارداد آئی تو مسودہ دیکھیں گے۔ عام انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق ووٹرز لسٹ درست نہیں، ایسے میں عام انتخابات کیسے ہوسکتے ہیں۔