دنیا
15 مارچ ، 2016

داعش نے کم عمر لڑکوںکو استعمال کرنا شروع کردیا،امریکا

داعش نے کم عمر لڑکوںکو استعمال کرنا شروع کردیا،امریکا

واشنگٹن...........امریکہ نے کہاہے کہ داعش اپنے جنگجوئوں کی جانب سے راہ فرار اختیار کرنے کے بعد کم عمر لڑکوں کو میدان جنگ میں بھیجنے کی تیاری کررہی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بریفننگ کے دوران بتایا کہ داعش کے رہنما نئے جنگجوئوں کی بھرتی اور موجودہ ارکان کو گروپ میں رکھنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،انھوں نے کرد فورسز کی جانب سے شمالی عراق میں داعش کی صفوں سے فرار ہونے والے ایک امریکی کی گرفتاری کی تصدیق سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم عراقی اور کرد حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں تاکہ ان اطلاعات کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جاسکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر روز مزید جنگجو داعش کی صفوں کو چھوڑ کر فرار ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں داعش کم عمر لڑکوں کو ہتھیار تھما کر میدان جنگ میں لارہی ہے۔

کربی کا کہنا تھاکہ سب سے پہلے داعش بچوں کو معلومات اکٹھا کرنے اور انٹیلی جنس کے لئے استعمال کرتی تھی اور اس کے بعد انہیں خودکش حملوں کے لئے استعمال کرنا شروع کردیا جس کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ اب ہمیں اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ داعش نے بچوں کو جنگجوئوں کے ہمراہ جھڑپوں میں لا کر کھڑا کرنا شروع کردیا ہے۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ داعش مزید جنگجوئوں کی بھرتی اور موجودہ جنگجوئوں کو اپنی صفوں میں رکھنے پر کسی کشمکش میں مبتلا ہے۔ مگر ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ابھی تک داعش کے خطرے کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے۔ اور اسے خطرناک سمجھتا ہے۔

مزید خبریں :