16 مارچ ، 2016
تہران..........ایران سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ’آئی ڈائریکٹ‘‘ نامی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی عالمی سروسز فراہم کرنے والی امریکی کمپنی کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا ہے۔
ہیکرز نے کہاہے کہ انہوں نے ’آئی ڈائریکٹ‘ پر سائبر حملہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو خلیج تعاون کونسل، عرب لیگ، امریکا اور مغرب میں دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے ردعمل میں کیا ۔
ایرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی کی ویب سائٹ پر سائبر یلغار کرنے والے گروپ نے اپنی شناخت ’’برسٹو‘‘ کے نام سے کی ہے اور کہا ہے کہ وہ حزب اللہ پر پابندیوں کے رد عمل میں مغرب کے دوسرے اداروں کو بھی ایسے ہی نشانہ بنائیں گے۔
برسٹو‘ نامی ایک گروپ نے ایک امریکی کمپنی کی ویب سائٹ پر حملہ کر کے اس کی نشریاتی سروسز اور زمین پر چلنے والے اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچایا ۔’برسٹو‘کے نام سے ملتے جلتے سائبر حملہ آور اس سے قبل قطر اور سعودی عرب کی ویب سائیٹس کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا نے ایک ہفتہ پیشتر یہ اعلان کیا تھا کہ وہ سنہ 2013ء میں نیویارک میں پانی کے ایک چھوٹے ڈیم کو نشانہ بنانے والے ایرانی دراندازوں پر سائبر حملوں کی ذمہ داری عاید کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکی وزارت انصاف کے مطابق ایرانی دراندازوں پرآئندہ ہفتے فرد جرم عاید کی جائے گی۔